یوسین بولٹ کو ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کا دھچکا

Published On 19 January,2023 03:13 pm

جمیکا : (ویب ڈیسک ) دنیا کے تیز رفتار ترین انسان کا اعزاز پانے والے یوسین بولٹ کے اکاؤنٹ سے ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالرز غائب ہوگئے ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جمیکا سے تعلق رکھنے والے یوسین بولٹ کے کنگسٹن میں قائم ایک سرمایہ کاری فرم کے اکاؤنٹ سے 1 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز چوری ہو گئے ہیں۔

ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ بولٹ کے ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالرزکسی نے نکال لیے ہیں اب ان کے اکاؤنٹ میں 12 ہزار ڈالرز باقی ہیں، یوسین بولٹ کے اکاؤنٹ میں موجودرقم ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی شہرت یافتہ اتھیلیٹ کے اکاؤنٹ سے پیسے چوری ہونا کسی کے لیے بھی پریشانی  کی  خبر ہے، انہوں نے یہ اکاؤنٹ اپنی نجی پنشن کے لیے بنایا تھا۔

اس سلسلے میں یوسین بولٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر کمپنی نے پیسے واپس نہیں کیے تو وہ اس معاملے کے خلاف عدالت جائیں گے۔

دوسری جانب کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں ۔

واضح رہے کہ 2017 میں ریٹائر ہونیوالے یوسین بولٹ 8 بار اولمپک گولڈ میڈل چیمپئن  رہ چکے ہیں اور تقریبا 19گنیز ریکارڈ بھی اپنے نام کرچکے ہیں ۔
 

Advertisement