ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی: پی ایچ ایف نے بھارت جانے کیلئے حکومت سے اجازت طلب کرلی

Published On 26 April,2023 08:42 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بھارت میں ہونے والی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے معاملے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے بھارت جانے کیلئے حکومت سے اجازت طلب کرلی۔

سیکرٹری پی ایچ ایف حیدر حسین نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کو این او سی کیلئے خط لکھ دیا ہے اور ایشین ہاکی فیڈریشن کو انٹری بھیج دی ہے ۔

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 3 سے 12 اگست تک بھارت کے شہر چنئی میں ہوگی، ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان سمیت 6 ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

حیدر حسین نے بتایا کہ اگر پاکستان نے ایشین چیمپئنز ٹرافی نہ کھیلی تو بھاری جرمانہ عائد ہوسکتا ہے، ایشین چیمپئنز ٹرافی کھیل کر ہی اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کھیل سکیں گے۔

بھارت نہ جانے میں سب سے بڑی رکاوٹ فنڈز ہیں، ٹورنامنٹس میں شرکت کیلئے 4 کروڑ روپے کی ضرورت ہے، سپیشل فنڈز کیلئے حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ سپانسرز سے بھی رابطے شروع کردیے ہیں ۔