اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات مریم اور نگزیب نے اتحادی جماعتوں کے درمیان عمران خان سے مذاکرات کے معاملے پر اختلاف کی خبروں کو بے بنیاد اور غلط قرار دے دیا۔
مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکمران جماعتوں کے اجلاس میں مشاورت جاری ہے ، باضابطہ اعلان مشترکہ اعلامیے کی صورت میں جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اعلامیے سے قبل ہی مختلف جماعتوں سے منسوب خبریں چلانا افسوس ناک ہے ، تمام جماعتیں معاملات پر اپنی آرا دیتی ہیں جس کی روشنی میں فیصلے ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں اتحادی جماعتوں کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا، ذرائع کے مطابق اجلاس میں جے یو آئی نے عمران خان سے مذاکرات کی مخالفت کردی تھی۔
ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادیوں کے اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن سے مذاکرات کے معاملے پر اصرار کیا اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) ، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) اور خالد مگسی کی جانب سے بلاول بھٹو کے مذاکرات کے مؤقف کی تائید کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی نے مؤقف اپنایا کہ عمران خان کوئی سیاسی قوت نہیں، ڈائیلاگ کی مخالفت کرتے ہیں، اس موقع پر زین بگٹی نے کہا کہ ہم ڈائیلاگ کےمخالف نہیں تاہم عمران خان ایک جھوٹا انسان ہے، عمران خان بھروسے کے لائق نہیں۔