لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان فٹبال فیڈریشن ( پی ایف ایف ) نے قومی جونیئر فٹبال ٹیم کے سابق کپتان منیر آفتاب کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کی جونیئر فٹبال ٹیم کے سابق کپتان منیر آفتاب 26 سال کی عمر میں انتہائی کسمپرسی کی حالت میں انتقال کر گئے تھے۔
منیر آفتاب گردوں کے امراض میں مبتلا تھے اور طویل عرصے سے زیر علاج تھے، بے روزگاری اور معاشی تنگ دستی کے باعث انہوں نے آخری وقت انتہائی کسمپرسی کی حالت میں گزارا۔
فیفا کی نامزد نارملائزیشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ سابق سٹار کی موت پر پاکستان کی فٹبال برادری سوگوار ہے، اس خوبصورت کھیل میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ منیر آفتاب کراچی کے مشہور علاقے لیاری کے رہائشی تھے اور نیشنل بینک سے فارغ کیے جانے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے، انڈر14، انڈر16 اور انڈر19 فٹبال ٹیموں کی کپتانی کے علاوہ انہوں نے مختلف انٹرنیشنل مقابلوں میں بھی پاکستان کی قیادت کی۔