لندن : ( ویب ڈیسک ) دنیائے فٹبال کے معروف کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو سعودی کلب النصر میں شمولیت کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
امریکی جریدے فوربز نے 2023 میں سب سے زیادہ کمانے والے 10 ایتھلیٹس کی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے 13 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز کما کر دیگر تمام کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
پرتگال سے تعلق رکھنے والے فٹبال سٹار 2017 کے بعد پہلی بار دنیا کے سب سے زیادہ کمانے والے ایتھلیٹ بنے ہیں۔
رونالڈو نے ایک سال کے دوران میدان میں 4 کروڑ 60 لاکھ جبکہ میدان سے باہر 9 کروڑ ڈالرز کمائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو کے سعودی کلب سے معاہدے کی مالیت 20 کروڑ یورو سے زیادہ ہے۔
علاوہ ازیں فوربز کی فہرست میں ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی 13 کروڑ ڈالرز آمدنی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ فرانس کے نوجوان فٹبالر کیلان ایمباپے 12 کروڑ ڈالرز کمانے میں کامیاب رہے اور وہ فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔