روم : (ویب ڈیسک ) اٹلی میں ہونے والی سائیکل ریس میں ڈنمارک کے سائیکلسٹ میڈس پیڈرسن نے گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کا چھٹا مرحلہ جیت لیا۔
اٹلی میں گیرو ڈی اٹالیہ کا 106 واں ایڈیشن جاری ہے جس میں سائیکلنگ کی دنیا کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔
گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کے چھٹے مرحلے میں سائیکل سواروں نے نیپلز سے نیپلز تک کا فیصلہ طے کرنا تھا جو 162 کلو میٹر پہاڑی پر محیط تھا ۔27 سالہ ڈنمارک کے سائیکل سوار میڈس پیڈرسن نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئےپہلی پوزیشن حاصل کی ، فاتح سائیکلسٹ نے مطلوبہ 162کلومیٹر کا فاصلہ 3 گھنٹے 44 منٹ اور 45 سیکنڈز میں طے کیا۔
ریس میں اطالوی سائیکلسٹ سائیکلسٹ جوناتھن میلان نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ جرمن سائیکل سوار پاسکل ایکرمین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
گیرو ڈی اٹالیہ ایک گرینڈ ٹور سائیکلنگ سٹیج ریس ہے جو تین ہفتوں میں مکمل ہوگی جس میں دنیا کے نامور سائیکلسٹس شریک ہیں۔
گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 3448 کلو میٹر کا سفر طے کریں گے۔
گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس میں 22 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں، گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 23 روز جاری رہنے کے بعد 28 مئی کو اختتام پذیر ہوگی۔