نیویارک : (ویب ڈیسک ) رواں برس کا چوتھا اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 143 واں ایڈیشن 28 اگست سے امریکی شہر نیویارک میں شروع ہوگا جو کہ 10 ستمبر تک جاری رہے گا ۔
ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں ، میگا ایونٹ ہارڈ کورٹ پر کھیلا جائے گا جس میں دنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئیں گے۔
میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہوں گے۔
ہسپانوی ٹینس سٹار اور ومبلڈن اوپن چیمپئن کارلوس الکاراز نے گزشتہ یوایس اوپن مینز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کیا تھا ۔
خواتین کے سنگلز مقابلوں میں پولینڈکی ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک آئیگا نٹا لیہ سویٹیک اپنے اعزاز کا دفاع کریں گی ، اسی طرح مینز ڈبلز مقابلوں میں امریکا کے راجیو رام اور ان کے برطانوی جوڑی دار جو سیلسبری پر مشتمل جوڑی اپنے اعزاز کی بقا کے لئے کوشاں ہوگی۔
ویمنز ڈبلز مقابلوں میں باربورا کریجیکووا اور ان کی ہم وطن جوڑی دار کترینا سینیاکووا پر مشتمل جمہوریہ چیک کی جوڑی اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کرے گی ۔
مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں سٹروم سینڈرز اور ان کے ہم وطن جوڑی دار جان پیرز پر مشتمل آسٹریلوی جوڑی اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے ۔
مینز اور ویمنز سنگلز مقابلوں کے فاتح کھلاڑی کو 26 لاکھ ڈالر جبکہ ڈبلز مقابلوں کے فاتح کو 6لاکھ 88ہزار ڈالر انعام دیا جائے گا۔