نیویارک : (ویب ڈیسک ) سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ نوویک جوکووچ اور امریکی ٹینس سٹار ٹیلر فریٹز اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔
سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک میں جاری ہیں۔
مینز سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں سربین سیکنڈ سیڈ ڈ نوویک جوکووچ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ہسپانوی کھلاڑی برنابی زپاٹا میرالس کو سٹریٹ سیٹس میں4-6، 1-6 اور 1-6 سے شکست دی اور تیسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا، جہاں ان کا مقابلہ ہم وطن حریف کھلاڑی لاسلوجیری سے ہوگا۔
ایک اور میچ میں امریکی ٹینس کھلاڑی ٹیلر فریٹز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پیرو کے حریف کھلاڑی جان پابلو واریلا زکو سیدھے سیٹس میں1-6، 2-6 اور 2-6 سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
سوئس کھلاڑی ڈومینک سٹیفن نے بھی تیسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل کی، انہوں نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد یونانی حریف کھلاڑی سٹیفانوس کو اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا۔ان کی فتح کا سکور 5-7، 7-6(7-2)،7-6(7-5)،6-7(6-8) اور3-6تھا۔
اسی طرح چین کے ژانگ زیزن نے ناروے کے ففتھ سیڈڈ کھلاڑی کیسپر رڈ کو سخت مقابلے کے بعد 4-6، 7-5، 2-6، 6-0 اور 2-6 سے اپ سیٹ شکست دے کر میگا ایونٹ سے باہر کر دیا۔