سپین کا اسرائیل کو یورپی کھیلوں کے مقابلوں سے نکالنے پر زور

Published On 25 May,2025 02:48 pm

میڈرڈ : (ویب ڈیسک) سپین کی وزیر کھیل پیلر الیجریا نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے نہتے اور مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی کی بنیاد پر اسے یورپی کھیلوں کے مقابلوں سے نکال دیا جائے۔

کھیل، فنی تربیت اور تعلیم کی وزیر پیلر الیجریا نے کہا ہے کہ سپین دیگر یورپی ممالک سے اس حوالے سے بات کرنا چاہتا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے نسل کشی پر اس کو یورپ میں ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں سے نکالا جانا چاہئے، امید ہے کہ یورپی یونین اس پر کام کرے گی۔

سپین کی سوشلسٹ ورکر پارٹی کی 47 سالہ رکن نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کے حوالے سے اسرائیل کے خلاف متحرک کردار ادا کرے۔

ہسپانوی وزیر کھیل نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ کھیلوں کے بین الاقوامی ادارے اور یورپین تنظیمیں اس معاملے پر ایکشن لیں گی۔