غزہ میں اسرائیلی فورسز کی جارحیت تھم نہ سکی، وحشیانہ بمباری میں 60 فلسطینی شہید

Published On 24 May,2025 05:45 pm

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فورسز کی جارحیت تھم نہ سکی، نصیرات، خان یونس اور متعدد علاقوں میں وحشیانہ بمباری سے 60 فلسطینی شہید ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فورسز نے خوراک کے منتظر فلسطینیوں پر بھی بمباری کر کے 5 افراد کوشہید 50 زخمی کر دیا۔

اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں جبالیہ میں ایک عمارت مکمل طور پر منہدم ہو گئی، غزہ میں فلسطینیوں کو امداد تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق 2 روز میں فاقہ کشی سے بچوں سمیت 29 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 53 ہزار 901 ہوگئی، 1 لاکھ ہزار 22 ہزار 593 فلسطینی زخمی ہیں۔

سربراہ اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ غزہ ظالمانہ تنازع کے بدترین مرحلے تک پہنچ گیا، بے گھر اور نہتے فلسطینی بھوک سے شہید ہو رہے ہیں، شمالی غزہ میں ابھی تک امداد کا ایک ٹرک نہیں پہنچ سکا۔