برمنگھم : (دنیا نیوز) پاکستان کے نور زمان نے برٹش اوپن سکواش چیمپئن شپ کے مین ڈراز میں جگہ بنالی ہے، انہوں نے کوالیفائنگ راونڈ کے فائنل میں مصر کے کریم التورکی کو شکست دی ۔
حال ہی میں ورلڈ انڈر 23 سکواش چیمپئن مشپ کا ٹائٹل جیتنے والے نور زمان کی سکواش سرکٹس میں نمایاں پرفارمنس کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے انگلینڈ میں ہونے والے برٹش اوپن کے مین راونڈ میں جگہ بنالی ہے، کوالیفائنگ راونڈ کے فیصلہ کن میچ میں انہوں نے کوالیفائرز کے تھرڈ سیڈ مصر کے کریم التورکی کو شکست دی ۔
مصری پلیئر کے خلاف نور زمان نے 46 منٹ تک جاری رہنے والا میچ گیارہ- پانچ، گیارہ - آٹھ، تین - گیارہ اور گیارہ - سات سے جیتا ۔
اس سے قبل کوالیفائرز کے پہلے راونڈ میں انہوں نے انگلینڈ کے ول سالٹر اور اور دوسرے راونڈ میں ایڈرائن والٹر کو شکست دی۔
برٹش اوپن کے پہلے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ انگلینڈ کے کرٹس ملک سے اتوار کو ہوگا۔
نور زمان 2022 کے بعد برٹش اوپن کا مین راونڈ کھیلنے والے پہلے پاکستانی پلیئر ہیں، 2022 میں طیب اسلم نے بھی برٹش اوپن کا مین راؤنڈ کھیلا تھا۔