کوالالمپور: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے نیشنز ہاکی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے فرانس کو ہرا کر فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا۔
ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں پاکستان اور فرانس کے درمیان پہلا سیمی فائنل مقررہ وقت کے اختتام پر 3-3 گول سے برابر ہوگیا تاہم پنلٹی شو آؤٹ میں پاکستان نے فرانس کو 2 کے مقابلے میں 3 گول کرکے شکست دیدی۔
پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے گول پوسٹ پر بھرپور حملے کیے تاہم کوئی ٹیم گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی، دوسرے کوارٹر کے 10ویں منٹ میں فرانس نے گول اسکور کرکے پاکستان پر ایک گول برتری حاصل کی۔
تیسرے کوارٹر کے 5ویں منٹ میں فرانسیسی پلئیر نے گول داغ کر برتری 0-2 کردی، 3 منٹ بعد رانا وحید اشرف نے گول کرکے میچ میں پاکستان کیلئے پہلا گول اسکور کیا۔
بعدازاں تیسرے کوارٹر کے 12ویں منٹ میں پنالٹی پر سفیان مقیم اور 13ویں منٹ میں رانا وحید نے میچ میں اپنا دوسرا گول اسکور کرکے ٹیم کو 2-3 کی برتری دلادی، چوتھے کواٹر میں فرانس کی ٹیم پاکستانی کی برتری کو برابر کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
پاکستان نے گروپ مرحلے میں جاپان کو شکست دی تھی، نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی ٹیم 4-3 سے ناکام رہی، ملائیشیا کے خلاف پہلا میچ تین، تین سے برابر کیا تھا اور بہتر گول اوسط پر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
واضح رہے کہ نیشنز کپ کا فائنل 21 جون کو کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم پرو ہاکی لیگ میں رسائی حاصل کرنے کی حقدار ٹھہرے گی۔