معروف امریکی ریسلر ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں چل بسے

Published On 24 July,2025 10:12 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) معروف امریکی ریسلر ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں چل بسے۔

ہلک ہوگن کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی، 1980 کی دہائی میں ہلک ہوگن ڈبلیو ڈبلیو ای کے سپر سٹار ریسلر بنے۔

ہلک ہوگن نے 5 بار ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کیا، ہلک ہوگن نے 1977 میں ریسلنگ کا آغاز کیا۔

ہلک ہوگن کا اصل نام ٹیری بولیا تھا، تاہم انہیں شہرت ہلک ہوگن کے نام سے ملی، امریکی میڈیا کے مطابق ہلک ہوگن نے کئی فلموں میں بھی کام کیا ہے۔

ہلک ہوگن کی زندگی پر ایک نظر

ہلک ہوگن جن کا اصل نام ٹیری بولیا ہے، 1953 میں پیدا ہوئے اور 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں پروفیشنل ریسلنگ کی دنیا کے بڑے ستارے کے طور پر سامنے آئے۔ انہوں نے نہ صرف ریسلنگ میں شہرت پائی بلکہ فلموں اور ریئلٹی ٹی وی میں بھی اپنی شناخت بنائی۔

ہوگن نے 1979 میں ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن (جو آج WWE کہلاتی ہے) میں شمولیت اختیار کی، مگر 1981 میں تنظیم چھوڑ دی۔ ان کی واپسی 1985 میں ریسل مینیا کے پہلے ایونٹ میں ہوئی، جہاں انہوں نے مسٹر ٹی کے ساتھ مل کر روڈی پائپر اور پال اورنڈورف کو شکست دی، اور یہ میچ ان کی مقبولیت کا سنگ میل بن گیا۔

90 کی دہائی میں انہوں نے "مسٹر نینی" اور "سبربن کمانڈو" جیسی فلموں میں کام کر کے شوبز میں قدم رکھا۔ 2005 میں انہیں WWE ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا، لیکن 2015 میں ایک لیکڈ ویڈیو میں نسل پرستانہ زبان استعمال کرنے پر کمپنی نے ان سے لاتعلقی اختیار کر لی اور ہال آف فیم سے بھی نکال دیا۔

بعد میں 2018 میں WWE نے انہیں دوبارہ موقع دیا اور کمپنی میں بحال کیا، مگر کئی ریسلرز جیسے کہ دی نیو ڈے اور ٹائٹس او نیل نے اس فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ہلک ہوگن کی باتیں بھلانا آسان نہیں۔

2020 میں انہیں مشہور گروپ این ڈبلیو او کے رکن کی حیثیت سے ہال آف فیم میں دوبارہ شامل کیا گیا۔ حالیہ برسوں میں ہلک ہوگن امریکی سیاست میں بھی متحرک دکھائی دیے، خاص طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلیوں میں شرکت کرتے رہے۔

ان کی آخری WWE پیشی پر، جب وہ اپنے بیئر برانڈ کی تشہیر کے لیے آئے، تو شائقین کی طرف سے انہیں ہوٹنگ کا سامنا کرنا پڑا، جس سے ان کی موجودگی متنازع ہو گئی۔