قاہرہ: (دنیا نیوز) ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کے عبداللہ نواز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔
ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ مصر کے شہر قاہرہ میں کھیلی جا رہی ہے جہاں منگل کو پاکستان کے عبداللہ نواز نے دو میچز کھیلے اور دونوں میں کامیابی حاصل کی۔
پاکستانی سکواش پلیئر نے پہلے راؤنڈ آف 64 کا میچ کھیلا جس میں انہوں نے کینیڈا کے کھلاڑی روہان پالیوال کو تین ۔ صفر سے شکست دی، کینڈین پلیئر کے خلاف عبداللہ نواز کی جیت کا اسکور 11-6، 11-3 اور 11-3 تھا جس کے ساتھ انہوں نے راؤنڈ آف 32 کیلئے کوالیفائی کیا۔
عبداللہ نواز نے راؤنڈ آف 32 کا میچ کھیلا جس میں انہوں نے امریکی پلیئر آسکر اوکناکوو کو تین ۔ ایک سے شکست دی۔ اس میچ میں پاکستانی کھلاڑی کی کامیابی کا اسکور 8-11، 10-12، 7-11 اور2-11 رہا۔
ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں عبداللہ نواز اپنا پری کوارٹر فائنل میچ بدھ کو کھیلیں گے۔