پاکستانی مارشل آرٹس کھلاڑی فاطمہ نسیم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا

Published On 01 August,2025 10:16 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی کم عمر اور باصلاحیت مارشل آرٹس کھلاڑی فاطمہ نسیم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، جس سے ملک کا نام ایک بار پھر عالمی سطح پر روشن ہوا ہے۔

فاطمہ نے گینز ورلڈ ریکارڈ میں ایک منفرد کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے دونوں ہاتھوں میں انڈے تھام کر ایک منٹ میں سب سے زیادہ فل ایکسٹینشن پنچز مارنے کا ریکارڈ قائم کیا۔

گینیز ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم کی جانب سے فاطمہ کو 250 پنچز کا چیلنج دیا گیا تھا، تاہم اس قابل فخر پاکستانی لڑکی نے نہ صرف یہ ہدف عبور کیا بلکہ ایک منٹ میں 302 مکے مار کر سب کو حیران کر دیا۔

حیران کن بات یہ ہے کہ اس دوران دونوں ہاتھوں میں پکڑے گئے انڈے بھی سلامت رہے اور ٹوٹے نہیں، جو اس چیلنج کو مزید مشکل اور ناقابل یقین بناتا ہے۔

گینیز ورلڈ ریکارڈ انتظامیہ نے ای میل کے ذریعے فاطمہ کی کامیابی کی تصدیق کی اور اپنی ویب سائٹ پر ان کا نام شامل کر لیا ہے۔

فاطمہ نسیم کے مطابق یہ ان کا چھٹا عالمی ریکارڈ ہے، جو ان کی محنت، لگن اور قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، فاطمہ کی اس شاندار کامیابی پر ملک بھر سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔