کراچی: (دنیا نیوز) تھائی لینڈ میں ہونے والی 57ویں ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے قومی تن ساز ہیروز وطن واپس پہنچ گئے، کراچی ایئرپورٹ پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے چیمپئن شپ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 گولڈ میڈل اپنے نام کیے، گولڈ میڈلز جیتنے والوں میں محمد شکیل، فراصت علی، اعجاز احمد، فیضان گل اور بلال احمد شامل ہیں جنہوں نے مختلف کیٹیگریز میں فتح حاصل کی۔
قومی ہیروز کی وطن واپسی پر ایئرپورٹ پر پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر اور سابق نائب ناظم کراچی طارق حسن کی قیادت میں پرتپاک استقبال کیا گیا، تن سازوں کو گلدستے پیش کیے گئے اور قومی پرچم لہرائے گئے۔
اس موقع پر طارق حسن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تن سازوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا، حکومت کو ان باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی کرنی چاہیے۔