قومی ایتھلیٹ شجر عباس انجری کا شکار، 4 ماہ کیلئے انٹرنیشنل سرکٹ سے آؤٹ

Published On 05 September,2025 11:43 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے تیز ترین ایتھلیٹ شجر عباس بائیں ٹانگ کی سرجری کے بعد آئندہ 4 ماہ کے لیے انٹرنیشنل سرکٹ سے آؤٹ ہوگئے ہیں۔

قومی ایتھلیٹ شجر عباس کو ٹانگ کی سرجری کے بعد آرام کی ہدایت کی گئی ہے، 25 سالہ سپرنٹر کی بائیں ٹانگ میں گزشتہ ماہ ٹیومر کی تشخیص ہوئی تھی۔

ٹیومر اور بعد ازاں سرجری کے حوالے سے پاکستان کے تیز ترین ایتھلیٹ شجر عباس نے بتایاکہ ٹریننگ کے دوران اچانک ٹانگ سوجھ گئی تھی، میڈیکل چیک میں ٹیومر کی تشخیص ہوئی۔

سپرنٹر کے مطابق ڈاکٹرز نے اُنہیں بتایا کہ ٹانگ سے کور اترنے میں 2 ماہ جب کہ مزید فٹنس حاصل کرنے میں مزید 3 سے 4 ماہ لگ سکتے ہیں۔

شجر عباس سرجری کی وجہ سے رواں برس سعودی عرب میں شیڈول ورلڈ اسلامک گیمز سے دستبردار ہوگئے ہیں تاہم وہ نیشنل گیمز سمیت آئندہ برس عالمی مقابلوں میں شرکت سے قبل مکمل طور پر صحت یاب ہونے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ قومی اتھلیٹ نے 100 اور 200 میٹر ریس میں عالمی سطح پر 2 گولڈ اور ایک کانسی کا تمغہ پاکستان کے لیے جیت رکھا ہے، اس کے علاوہ 100 میٹر اسپرنٹ میں 10 اعشاریہ 34 سیکنڈز کے ریکارڈ کے ساتھ شجر عباس پاکستان کے تیز ترین ایتھلیٹ بن چکے ہیں۔