کراچی: (دنیا نیوز) سندھ گرین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مین کلاس میں چار گولڈ میڈلز حاصل کر کے بین الصوبائی انڈر 22 مین باکسنگ چیمپئن شپ جیت لی۔
بلوچستان نے ایک گولڈ اور تین سلور میڈلز حاصل کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی اور وومن کلاس میں پنجاب نے دو گولڈ میڈلز لے کر پہلی اور سندھ گرین نے ایک گولڈ میڈل لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئر منور علی مہیسر نے کامیاب باکسرز میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر منور علی مہیسر نے کہا ہے کہ ان کا ادارہ ایسی تمام سرگرمیوں کی سرپرستی کرے گا جس میں نوجوانوں کو ذہنی و معاشرتی طور پر مثبت سرگرمیوں کے مواقع ملیں۔
چیمپین شپ میں چاروں صوبوں کے علاوہ اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر کے کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل احمد علی راجپوت، سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر محمّد اصغر بلوچ، سیکشن آفسر جنرل علی ڈنو گوپاگ، انجینئر محفوظ الحق، غلام یاسین، کشور زہرا، سیکرٹری سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن عبدالرزاق، عابد بروہی، ٹیکنیّکل ڈیلی گیٹ محمد یونس پٹھان اور میڈیا کو آرڈینیٹر کاشف احمد فاروقی بھی موجود تھے۔