نیویارک: (دنیا نیوز) ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاریز نے اطالوی حریف یانک سنر کو چار سیٹس میں شکست دے کر دوسری بار یو ایس اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
22 سالہ الکاریز نے 2-6، 6-3، 1-6، 4-6 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے نہ صرف اپنا دوسرا یو ایس اوپن جیتا بلکہ مجموعی طور پر چھٹا گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کیا، اس فتح کے ساتھ انہوں نے ومبلڈن فائنل میں سنر کے ہاتھوں ہونے والی شکست کا بدلہ بھی چکایا۔
فتح کے بعد الکاریز نے کہا ہے کہ یہ ایک شاندار احساس ہے، میں بہت محنت کر رہا ہوں اور یہ خواب حقیقت بن گیا ہے۔
اسی کی ساتھ الکاریز نے عالمی نمبر ون رینکنگ دوبارہ حاصل کر لی اور سنر کی سخت کورٹ گرینڈ سلیمز پر 27 میچز کی ناقابل شکست فتوحات کا سلسلہ بھی توڑ دیا۔
یہ دونوں کھلاڑی اب تک 15 بار آمنے سامنے آ چکے ہیں جن میں الکاریز نے 10 اور سنر نے 5 بار کامیابی حاصل کی ہے، پچھلے 8 گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس میں دونوں نے چار چار ٹائٹلز اپنے نام کیے ہیں جس سے ان کی ٹینس کی دنیا پر برتری ثابت ہوتی ہے۔
سنر نے شکست کے بعد کہا ہے کہ میں نے پوری کوشش کی، مگر آج الکاریز ہر معاملے میں مجھ سے بہتر تھے۔
یہ ہار سنر کے لیے مزید مایوسی کا سبب بنی کیونکہ 2008 کے بعد سے اب تک کوئی کھلاڑی یو ایس اوپن کا ٹائٹل کامیابی سے ڈیفینڈ نہیں کر سکا۔
ٹرمپ کی آمد کے باعث میچ تاخیر کا شکار
فائنل کے آغاز میں سخت سکیورٹی اور ٹرمپ کی آمد کی وجہ سے میچ آدھے گھنٹے تاخیر کا شکار ہوا، اس موقع پر 23 ہزار تماشائیوں کی گنجائش رکھنے والا آرتھر ایش سٹیڈیم صرف تین چوتھائی تک بھرا ہوا تھا۔
میچ کے دوران شوبز اور کھیلوں کی دنیا کی معروف شخصیات بھی موجود تھیں جن میں راک سٹار بروس سپرنگسٹرین، فیشن ڈیزائنر ٹامی ہل فگر، اداکار مائیکل ڈگلس اور باسکٹ بال سٹار سٹیفن کری شامل تھے۔
الکاریز کی یہ کامیابی انہیں صرف چوتھا کھلاڑی بناتی ہے جس نے تینوں سطحوں (ہارڈ کورٹ، گھاس اور کلے) پر ایک سے زیادہ گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیتے ہیں۔