اسلام آباد: (دنیا نیوز) یورپ کے سب سے بڑے شوٹنگ مقابلے یورپی ایف کلاس چیمپئن شپ میں پاکستانی نشانہ باز اسد واحد نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کردیا۔
برطانیہ کے تاریخی بزلی شوٹنگ گراؤنڈ میں منعقدہ اس چیمپئن شپ میں اسد واحد نے 1000 گز کے مقابلے میں سلور میڈل اپنے نام کیا جبکہ روٹ لینڈز ٹیم میچ میں ایف اوپن کیٹیگری میں بھی سلور میڈل جیتا۔
اسد واحد نے 450 میں سے 419 پوائنٹس حاصل کر کے ٹاپ 5 میں جگہ بنائی اور دنیا کے صف اول کے شوٹرز کو سخت ٹکر دی، ایونٹ میں امریکا، کینیڈا، جرمنی، برطانیہ اور پاکستان سمیت متعدد ممالک کے 400 سے زائد شوٹرز نے شرکت کی۔
ایف ٹی آر کیٹیگری میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اسد واحد نے 208 عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کا مقابلہ کیا جس میں 800، 900 اور 1000 گز کے فاصلے پر چھ مراحل شامل تھے، اس دوران انہوں نے "تھری لائنز" ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور اٹلی جیسی مضبوط ٹیموں کو شکست دی۔
ایونٹ کے ٹاپ 5 اوورآل ایوارڈ نے اسد واحد کی ہر فاصلے پر بہترین کارکردگی کا اعتراف کیا، وہ اس سے قبل بھی برٹش نیشنل لیگ سمیت درجنوں قومی و بین الاقوامی ٹرافیاں اور سینکڑوں میڈلز اپنے نام کر چکے ہیں۔
یہ کامیابی نہ صرف اسد واحد کی ذاتی کاوش کا نتیجہ ہے بلکہ پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز اور قومی فخر کا لمحہ ہے۔