اومان: (ویب ڈیسک) ایشین ہے بال چیمپئن شپ میں پاکستانی کیوئسٹ عرفان داد بھارتی حریف کو شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔
اردن میں جاری ایشین ہے بال چیمپئن شپ میں پاکستانی کیوئسٹ نے ایک دن میں 2 بھارتی کھلاڑیوں کو ناک آؤٹ کیا، عرفان داد نے پری کوارٹر اور کوارٹر فائنل میں بھارتی کیوئسٹس کو ہرایا۔
پری کوارٹر فائنل میں عرفان داد نے بھارت کے شہباز عادل خان کو 3-7 سے شکست دی جبکہ کوارٹر فائنل میں پاکستانی کیوئسٹ نے بھارت کے شیوم اروڑا کو 6-7 سے زیر کیا۔
سیمی فائنل میں ایک بار پھر عرفان داد کا سامنا بھارتی کیوئسٹ سے ہوگا، ایشین ہے بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں عرفان داد بھارت کے سندیپ گلاٹی سے مقابلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ "ہے بال" 8 بال پول کے چینی ورژن کا نام ہے۔ 8 بال اور ہے بال میں بنیادی فرق ٹیبل کے معیار کا ہے۔
پی بی ایس اے نے ایشن ہے بال چیمپئن شپ کیلئے 2 پلیئرز نامزد کیے تھے، برطانیہ میں مقیم عرفان داد کے علاوہ ندیم گِل بھی چیمپین شپ میں شریک ہوئے، ندیم گِل کو راؤنڈ آف 32 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔