آسٹریلوی سوئمر نے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا

Published On 16 October,2025 11:53 am

میلبرن: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی سوئمر آریارنے ٹٹمس نے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق 4 مرتبہ کی اولمپک گولڈ میڈلسٹ آریارنے ٹٹمس نے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔

25 سالہ آریارنے ٹٹمس نے سوشل میڈیا پوسٹ میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن میں اس سے خوش ہوں۔

انہوں نے کہا ہے کہ میں نے 18 سال سوئمنگ میں گزارے، 10 برس ملک کو دیئے، میں نے ہمیشہ سوئمنگ سے پیار کیا ہے لیکن ایک وقت آیا جب سوئمنگ سے بڑھ کر بھی کچھ دیکھنا پڑتا ہے۔

آریارنے ٹٹمس کا کہنا تھا کہ کینسر کا خوف میرے لیے ٹرننگ پوائنٹ تھا، میں دماغی طور پر متاثر ہوئی۔

واضح رہے کہ پیرس اولمپکس سے قبل آریارنے ٹٹمس کو کینسر کے ٹیومر کی سرجری کرانا پڑی تھی۔

آریارنے ٹٹمس نے پیرس اولمپکس میں دو سابقہ ورلڈ ریکارڈ ہولڈرز کو ہرا کر 400 میٹر فری سٹائل میں گولڈ میڈل جیتا تھا، وہ 1964 کے بعد آسٹریلیا کی پہلی سوئمر تھیں جنہوں نے بیک ٹو بیک اولمپک گولڈ ایک ایونٹ میں جیتا تھا۔

آریارنے ٹٹمس نے ٹوکیو اور پیرس اولمپکس میں مجموعی طور پر 8 میڈلز جیتے تھے، آریارنے ٹٹمس 200 اور 400 میٹر فری سٹائل میں ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ہیں۔