کوالالمپور: (دنیا نیوز) سلطان جوہر جونیئر ہاکی کپ کے ہائی وولٹیج مقابلے میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ 3-3 گول سے برابر ہوگیا۔
ملائیشیا میں کھیلے گئے میچ کے پہلے کوارٹر میں قومی ٹیم کے کپتان حنان شاہد نے پنالٹی اسٹروک پر گول کر پاکستان کو ایک، صفر کی برتری دلائی، کھیل کے دوسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے تاہم دونوں ٹیمیں اس میں کامیاب نہ ہو سکیں۔
اہم میچ کے تیسرے کوارٹر میں پاکستان کے صفیان خان نے گول کر کے بھارت کے خلاف برتری کو 0-2 کیا، تاہم چند ہی لمحوں بعد بھارت کے ہندال ہراجیت سنگھ پنالٹی اسٹروک پر گول کر کے مقابلہ 1-2 پر لے آئے۔
چوتھے کوارٹر میں ایک بار پھر بھارت پاکستان کے خلاف گول کرنے میں کامیاب رہا، جس کے بعد مقابلہ 2-2 گول سے برابر ہو گیا ہے۔
تھوڑی ہی دیر بعد بھارت کے ہی من میت سنگھ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو 2-3 سے برتری دلائی تاہم چند منٹس کے بعد صفیان خان نے ایک اور گول کر کے مقابلہ 3-3 سے برابر کر دیا۔
صفیان خان کو میچ میں شاندار پرفارمنس پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
واضح رہے کہ میچ کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ بھی ملایا۔
یاد رہے کہ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے میزبان ملائیشیا کے خلاف 2-7 گول سےفتح سمیٹی تھی جبکہ دوسرے مقابلے میں قومی ٹیم کو برطانیہ سے 1-5 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔