کوالالمپور: (ویب ڈیسک) سلطان آف جوہر ہاکی کپ میں پاکستان اور بھارت کی جونیئر ٹیموں نے اسپورٹس اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی انداز میں ہائی فائیو کیا اور کرکٹ میں بھارت کی جانب سے شروع ہونے والے تنازع کو ہاکی کے میدان میں ختم کر دیا۔
ملائیشیا میں جاری سلطان آف جوہر ہاکی کپ میں پاکستان اور بھارت کی جونیئر ٹیموں کے درمیان میچ 3-3 گول سے برابر ہوگیا، پاکستان کی جانب سے 2 گول سفیان خان اور ایک گول حنان شاہد نے بنایا۔
میچ کے آغاز میں قومی ترانے کے بعد پاکستان اور بھارت کے کھلاڑیوں نے روایتی انداز میں ہائی فائیو کیا،کھلاڑی روایتی انداز میں تالیاں مارتے ہوئے آگے بڑھتے رہے۔
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ اور ویمنز ورلڈ کپ کے میچز میں بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستان ٹیم سے ہاتھ نہیں ملائے تھے۔
ایشیا کپ کرکٹ 9 ستمبر سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا ، پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹکراؤ 14 ستمبر کو ہوا جس میں مودی حکومت کی ہدایت پر بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستانی کپتان سے ہینڈ شیک نہیں کیا اور اسپورٹس مین اسپرٹ کو نقصان پہنچایا ۔
یہ بھی پڑھیں: سلطان جوہر جونیئر ہاکی کپ: پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 3-3 گول سے برابر
ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان 21 ستمبر کو سپر فور مرحلے میں اور اس کے بعد 28 ستمبر کو فائنل میں مقابلہ ہوا لیکن اس موقع پر بھی بھارتی ہٹ دھرمی دنیا نے دیکھی۔
صرف یہی نہیں بھارت اور سری لنکا میں جاری آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں بھی پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں پانچ اکتوبر کو کولمبو میں آمنے سامنے آئیں لیکن یہاں بھی ٹاس کے بعد بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث کپتانوں نے ہینڈ شیک نہیں کیا ۔
البتہ ہاکی کے میدان میں بھارتی کھلاڑیوں نے کرکٹ میں شروع ہوئے تنازع کو ختم کیا اور پاکستانی کھلاڑیوں سے روایتی ہائی فائیو کیا۔