کوئٹہ: (عائشہ عمران) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بلوچستان کی جونیئر ہاکی ٹیم کیلئے ٹرائلز کا اعلان کردیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق بگٹی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بلوچستان کی جونیئر ہاکی ٹیم کے ٹرائلز کوئٹہ میں 13 اور 14 اکتوبر کو ہونگے، منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو کراچی میں ایک سال تک اعلی معیار کی تربیت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑی تجربہ کار کوچز سے فنی و تکنیکی مہارت حاصل کریں گے، منتخب کھلاڑیوں کو میرٹ پر نیشنل جونیئر ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔
میر طارق بگٹی نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مارچ 2024 سے ستمبر 2025 کے دوران نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، 14 سال بعد بین الاقوامی ہوم سیریز کی میزبانی کا اعزاز دوبارہ پاکستان کو ملا، پاکستان ہاکی کی بحالی کا سفر درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو پیشہ ورانہ تربیت،میرٹ کی بالادستی اور بین الاقوامی کامیابیوں کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں، انٹر نیشنل ٹوور کے لئے 4 کروڑ روپے کی ضرورت ہوتی ہے، ہاکی میں کسی کی شفارش نہیں چلے گی، ہاکی بورڈ کو پی سی بی کا طرز کا بنایا جائے گا۔