' کائنات ایک نہیں بلکہ ان گنت ہیں'

Last Updated On 03 May,2018 09:36 pm

لندن: (دنیا نیوز) آنجہانی برطانوی سائنسدان اسٹیفن ہاکنگ کی آخری تحقیق کے مطابق کائنات ایک نہیں بلکہ ان گنت ہیں۔ یہ مقالہ ہاکنگ نے اپنی موت سے صرف دس دن پہلے جرنل آف ہائی انرجی فزکس کو بھیجا تھا۔

پروفیسر اسٹیفن ہاکنگ کے آخری تحقیقی مقالے میں لکھا تھا کہ کائنات اکیلی نہیں بلکہ ممکنہ طور پر اس جیسی متعدد کائناتیں پائی جاتی ہیں۔ یہ مقالہ ہاکنگ نے اپنی موت سے صرف دس دن پہلے جرنل آف ہائی انرجی فزکس کو بھیجا تھا۔ اس سے پہلے آئن سٹائن کے نظریے کے مطابق کائنات کا آغاز پونے 14 ارب سال قبل ایک عظیم دھماکے سے ہوا تھا جسے بِگ بینگ کہا جاتا ہے۔

اس معمے کے حل کے لیے ہاکنگ اور ساتھی محقق ہارٹل نے ایک اور نظریے یعنی   کوانٹم مکینکس   کا سہارا لیا۔ جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کائنات عدم سے وجود میں آسکتی ہے، یعنی اس کی ابتدا کے لیے پہلے کسی بھی چیز کی موجودگی ضروری نہیں ہے۔ جب دوسرے سائنس دانوں نے اس نظریے کا غور سے جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ اس طرح بگ بینگ سے صرف ایک نہیں بلکہ ان گنت کائناتیں تشکیل پا سکتی ہیں۔

سائنسدانوں کے مطابق ان میں سے بعض کائناتیں بالکل ہماری کائنات جیسی ہوں گی، جہاں ہمارے جیسے انسان بستے ہوں گے۔ اس کے علاوہ دوسری کائناتیں ایسی بھی ہو سکتی ہیں جو ہماری کائنات سے یکسر مختلف ہوں۔ جن میں نہ ستارے ہوں، نہ کہکشائیں، بلکہ ان میں فزکس کے قوانین ہی بالکل جداگانہ ہوں۔ پروفیسر ہاکنگ کا آخری مقالہ ان کی اور پروفیسر ہرٹوگ کی 20 سالہ محنت کا ثمر ہے۔