لاہور: (ویب ڈیسک) سمارٹ فونز کی دنیا میں بڑھتا ہوا مقابلہ، جدید فیچرز کے ساتھ سستے فونز کی آمد نے بڑی کمپنیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی۔ سام سنگ اور آئی فون نے بھی اپنے سمارٹ فونز میں بڑی تبدیلی کا منصوبہ بنا لیا۔
ٹیکنالوجی کی دنیا سے اہم خبر سامنے آئی ہے کہ سمارٹ فونز بنانے والی جنوبی کورین کمپنی سام سنگ اور امریکی کمپنی آئی فون منفرد سمارٹ فون متعارف کروانے کے بارے میں سوچ رہی ہیں۔ چینی کمپنی ہیواوے کے 3 کیمروں والے موبائلز کے بعد سمارٹ موبائل بنانے والے دونوں بڑے برانڈز بھی 3 کیمروں والے منفرد سمارٹ فون متعارف کرانے سے متعلق سوچ رہے ہیں۔
ٹیکنالوجی نشریاتی ادارے دی ورج نے ایک اور نشریاتی ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ آئی فون ایکس کے نئے ورژن آئی فون ایکس پلس میں 3 بیک کیمرے ہوں گے۔ دوسری جانب اسی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا جنوبی کورین کمپنی سام سنگ بھی حریف کمپنی کے ٹکر کا 3 بیک کیمروں والا موبائل متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ ہیواوے نے سب سے پہلے فلیگ شپ پی 20 پرو متعارف کرایا تھا اور حال ہی میں اس کمپنی نے 4 کیمروں والا میٹ 10 لائٹ بھی متعارف کرا دیا ہے۔