اردن: ٹیکس میں اضافے کیخلاف حکومت مخالف مظاہرے

Last Updated On 04 June,2018 06:34 pm

عمان: (دنیا نیوز) خلیجی ملک اردن میں ٹیکسز میں اضافے پر عوام کا احتجاج، دارالحکومت عمان میں مسلسل چوتھے روز بھی مظاہرے جاری رہے۔ مظاہرین وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اردن میں انکم ٹیکس کے قانونی بِل کے حوالے سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ دارالحکومت عمّان اور ملک کے دیگر صوبوں میں عوامی مظاہرے دیکھے جا رہے ہیں۔ عمان میں ہزاروں افراد وزیراعظم ہانی الملکی کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہیں، جو ٹیکس میں اضافے پر وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ ان کے مطالبات پر عمل درآمد نہ ہوا تو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی۔

اردن کے شاہ عبداللہ نے وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان کو طلب کر لیا ہے۔ خلیجی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شاہ عبداللہ وزیراعظم ہانی الملکی سے استعفیٰ لینے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ خلیجی ملک پر آئی ایم ایف سمیت عالمی مالیاتی اداروں کا 37 ارب ڈالر کا قرضہ واجب الاد ہے۔ جس کے باعث حکومت نے ٹیکسز میں اضافے کی نئی پالیسی کا اعلان کیا تھا۔