واشنگٹن: (دنیا نیوز) ماہرین نے دماغی امراض کو کم کرنے والا بہترین غذائی پلان تیار کر لیا ہے، جس سے حیرت انگیز نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ یہ غذائی پلان الزائیمر اور ڈیمنشیا جیسے امراض کو روک سکتا ہے۔
امریکن ماہر خوراک مارتھا کلیئر مورس نے غذاؤں کا ایک چارٹ تیار کیا، جسے کئی مریضوں پر آزمایا گیا۔ اس غذائی پلان پر عمل کرنے والے افراد میں الزائیمر اور ڈیمنشیا سے متاثر ہونے کا خطرہ 53 فیصد کم ہوگیا۔ جب کہ پابندی سے خوراک نہ کھانے والے 35 فیصد افراد میں اس کا خطرہ کم دیکھا گیا اس کے علاوہ اسٹروک، بلڈ پریشر اور دل کے دورے میں بھی کمی نوٹ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق مجموعی طور پر اس فوڈ پلان میں 15 اجزا شامل ہیں۔ اس غذائی پلان میں روزانہ مچھلی کھانا اور ساتھ ہی دن میں 3 سے 4 مرتبہ موسمی پھل اور سبزیاں استعمال کرنا ہے۔ اس ڈائیٹ پلان کو کچھ اس طرح استعمال کیا جائے کہ روزانہ کم ازکم 3 وقت مکمل اناج، سلاد اور کوئی سبزی استعمال کی جائےاور ہر کھانے میں زیتون کے تیل کو بنیادی شے بنایا جائے۔