نوجوانوں کیلئے آن لائن کاروبار کے راستے کھولتی نمائش

Last Updated On 17 July,2018 08:46 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) نمائش میں چھ سو سے زائد پروجیکٹس مرحلہ وار پیش کیے گئے جن میں سے تین پروجیکٹس کو منتخب کیا گیا۔

پاکستان میں اونٹرپرنورشپ اور انوویشن کے حوالے سے پہلی فائنل ائیرپروجیکٹس کی آن لائن نمائش کا انعقاد آئی بی اے امن سی ای ڈی، کے ڈرائیو اور اونٹرپرنور سوسائٹی کے اشتراک سے کیا گیا۔ نوکری کی تلاش میں بھٹکتے ہوئے نوجوانوں کے لیے آن لائن کاروبار کے راستے کھولتی اس نمائش کو جدّت طرازی کی جانب بہترین اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستانی نوجوانوں کے لیے بے روزگاری بنیادی مسئلہ شمار کی جاتی ہے، اسی ضرورت کے پیشِ نظر 1.0 EXON کے پلیٹ فارم سے ملک بھر کی جامعات سے نوجوانوں کو دعوت دی گئی کہ اپنے اپنے آئیڈیاز شیئر کریں۔

اس آن لائن نمائش میں مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے اس نمائش میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس پہلی آن لائن پروجیکٹس کی نمائش میں چھ سو سے زائد فائنل ائیر پروجیکٹس پیش کیے گئے جن میں سے مرحلہ وار مقابلے میں دس منتخب کردہ پروجیکٹس کو پریزنٹیشن کا موقع دیا گیا۔

 

نمائش کے تمام مراحل سے گزر کر تین ٹیموں کو فاتح قرار دیا گیا جن میں پہلی پوزیشن جامعہ این ای ڈی کے الیکٹریکل انجینئرنگ کے نوجوانوں نے ”ورچوئیل روم“ کے آئیڈیا پر حاصل کی۔ دوسری پوزیشن بھی این ای ڈی یونی ورسٹی ہی کے الیکٹریکل انجینئرنگ کے طالب علموں نے” automo setup“ جبکہ تیسری پوزیشن آئی بی اے کے نوجوان طالبِ علموں نے ”go spark“ پروجیکٹ پر حاصل کرکے اپنے ادارے کا نام روشن کیا۔