ٹوکیو(نیٹ نیوز) جاپانیوں کے کلچر کی کچھ باتیں تو دنیا کیلئے معمہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ گھر کے اندر جوتے نہ پہننا بھی ایک ایسی ہی بات ہے جسے دنیا آج تک حیرت سے دیکھتی رہی لیکن اب سائنسدانوں نے اسے انسانی صحت کیلئے مفید قرار دے دیا ہے۔
جاپانی لوگ باہر سے آتے ہیں تو اپنے جوتے گھر کے اندرونی حصے سے باہر ہی رکھتے ہیں۔ گھر کے اندر یا تو ننگے پاؤں چلتے پھرتے ہیں یا ایسے جوتے استعمال کرتے ہیں جو ہمیشہ گھر کے اندر ہی رہتے ہیں۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ جاپانیوں کی یہ عادت محض روایت کا حصہ نہیں بلکہ بے پناہ طبی فوائد کی حامل بھی ہے کیونکہ باہر استعمال ہونے والے جوتوں کو گھر کے اندر استعمال کرنا طرح طرح کی بیماریوں کا سبب بنتا ہے ۔
سائنسدانوں نے ایک تحقیق میں معلوم کیا کہ جب ہم باہر سے گھر کے اندر آتے ہیں تو ہمارے جوتوں کے تلووں پر تقریباً 4 لاکھ 21 ہزار مختلف اقسام کے بیکٹیریا موجود ہوتے ہیں یہ بیکٹیریا تقریباً 96 فیصد جوتوں کے تلووں پر پائے گئے۔
ان میں کلیبسیلا نمونیا جو پیشاب کی نالی کا انفیکشن پیدا کرتا ہے اور سراتیا فکاریا جو سانس کی بیماری پیدا کرتا ہے اور ای کولی جیسے بیکٹیریا بھی پائے گئے جو نظام انہظام کی بیماریاں پیدا کرتے ہیں۔