ہربات سمجھنے اور باتیں کرنیوالا روبوٹ متعارف

Last Updated On 22 July,2018 05:43 pm

بیجنگ(نیٹ نیوز ) روبوٹ سے مراد ایک ایسی مشین لی جاتی ہے جو کام کاج میں انسان کے کام آ سکتی ہے مگر یہ تھوڑی پرانی بات ہے ۔ اب تو ایسے روبوٹ آ گئے ہیں جن سے آپ دوستی بھی کر سکتے ہیں اور بات چیت بھی۔

یہ آپ کے بچوں کو تفریح بھی فراہم کر سکتے ہیں اور ان کی نگرانی بھی کر سکتے ہیں۔ چینی روبوٹ iPal بھی ایک ایسی ہی مثال ہے ۔ والدین اسے اپنے بچوں کیساتھ چھوڑ سکتے ہیں اور پھر اسے سمارٹ فون ایپ سے منسلک کر کے اس کے ذریعے بچے سے ریموٹ ٹاک بھی کرسکتے ہیں اور اس پر نظر بھی رکھ سکتے ہیں۔ دراصل یہ روبوٹ ہر قسم کی آواز کو سننے اور ہر چیز کو دیکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔

ایواتار مائنڈ روبوٹ ٹیکنالوجی کمپنی کے سربراہ ٹینگ یو ہوانگ کا کہنا تھا اس روبوٹ کو آپ کے بچے کے دوست کے طور پر تیار کیا گیا ہے جب بچہ اسے دیکھے گا تو اسے اپنے ساتھی کے طور پر محسوس کریگا۔

یہ روبوٹ دو زبانیں بول سکتا ہے اور بچوں کو لطیفے سنانے اور ریاضی پڑھانے جیسے کام بھی کرسکتا ہے ،ساڑھے تین فٹ قد والا یہ روبوٹ آپ تقریباً 180000 پاکستانی روپے میں خرید سکتے ہیں۔