جسم میں‌اچانک اٹھنے والی درد کسی پیچیدہ مرض کی علامت ہو سکتی ہے

Last Updated On 02 August,2018 11:34 am

لاہور: (ویب ڈیسک) جسم میں اچانک اٹھنے والی درد بعض اوقات علاج کے بغیر ختم ہو جاتی ہے مگر یہ کسی عضو یا جسم کے مخصوص حصے میں پلنے والی بیماری کی پوشیدہ علامت بھی ہو سکتی ہے۔

کئی بار چند علامات ایسی ہوتی ہیں جن کے سامنے آنے پر بہتر ہوتا ہے کہ کسی ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے، چاہے وہ سنگین نہ بھی لگ رہی ہوں۔ ایسی ہی چند علامات کے بارے میں علم ہونا انتہائی ضروری ہے تا کہ کسی بڑے نقصان سے پیشگی احتیاطی تدابیر اپنا لی جائیں۔

شدید سردرد

لگ بھگ ہر ایک کو ہی کسی نہ کسی وقت سردرد کا سامنا ہوتا ہے اور یہ ضروری نہیں کہ وہ کسی سنجیدہ مرض کی علامت ہو، تاہم اس وقت معاملہ ضرور سنگین ہوسکتا ہے جب سردرد اچانک نشانہ بنائے اور اس کی شدت بہت زیادہ ہو۔ یہ خون کی شریان پھٹنے کی نشانی ہوسکتا ہے اور ایسا دماغ میں ہو تو یہ جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔

سینے میں درد

سینے میں درد بھی ضروری نہیں کہ ہمیشہ دل میں کسی گڑبڑ کی نشانی ہو، یہ خون جمنے کی علامت ہوسکتا ہے، پھیپھڑوں میں کسی مسئلے، غذائی نالی میں گڑبڑ یا کسی اور پیچیدگی کی جانب اشارہ بھی ہوسکتا ہے۔ سینے میں درد کے ساتھ اگر غشی کا احساس، قے اور ٹھنڈے پسینے آئیں تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے۔

ایک آنکھ سے نظر نہ آنا

ایک آنکھ سے اچانک نظر آنا بند ہوجائے تو یہ فالج کی نشانی ہوسکتی ہے، ایسا عام طور پر دماغ کو آکسیجن کی سپلائی میں کمی کا نیتجہ ہوتا ہے اور ایسا عام طور پر جسم کے ایک حصے میں ہوتا ہے۔

دم گھٹنا

اگر اچانک ہی سانس لینے میں مشکل یا دم گھٹنے لگے تو یہ ذہنی بے چینی کا حملہ ہوسکتا ہے، پھیپھڑوں کی کسی شریان میں بلڈ کلاٹ یا شریانوں میں کسی مسئلے کا اشارہ ہوسکتا ہے۔

ہروقت تھکاوٹ

دن بھر کی مصروفیات کے بعد تھکاوٹ ہونا کوئی غیرمعمولی بات نہیں، تاہم اگر یہ تھکاوٹ دن بھر طاری رہے تو یہ ہارٹ اٹیک کی ابتدائی علامت ہوسکتی ہے۔

اچانک وزن میں کمی یا اضافہ

وزن میں اچانک کمی وہ بھی بغیر کسی وجہ کے ہو تو یہ کینسر، تھائی رائیڈ گلینڈ یا جگر کے امراض کی نشانی ہوسکتی ہے۔

قے

اکثر کھانے کے بعد قے ہوجاتی ہو تو یہ معدے کے کینسر، پتے کے امراض یا شدید فوڈ پوائزننگ کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔

مسلسل کھانسی

ویسے تو مسلسل کئی روز تک کھانسی رہنا پھیپھڑوں کے کینسر کی نشانی تو نہیں مگر یہ نمونیے کی علامت ہوسکتی ہے یا کسی قسم کے انفیکشن کا خطرہ ظاہر کررہی ہوتی ہے۔