فلیگ شپ فونز جیسے فیچرز سے آراستہ 'کم قیمت' اسمارٹ فون

Last Updated On 24 August,2018 09:04 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) چینی فون کمپنی شیاﺅمی نے اپنے نئے سب برانڈ پوکو فون کا پہلا فون ایف 1 متعارف کرادیا ہے۔ درحقیقت انتہائی کم قیمت پر اس کے فیچرز کسی بھی فلیگ شپ فون سے کم نہیں۔

اس میں فلیگ شپ فون جیسی طاقت دی گئی ہے کیونکہ اس میں کوالکوم کا طاقتور ترین اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر دیا گیا ہے۔ پوکو فون ایف 1 میں سکس جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جبکہ اس کا کچھ مہنگا ورژن 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج کے ساتھ ہے۔

اس فون میں 6.18 انچ کی بیزل لیس اسکرین دی گئی ہے، جس میں آئی فون ایکس جیسا نوچ موجود ہے جبکہ فنگر پرنٹ سنسر بیک پر موجود ہے، 4000 ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری بھی اس کا حصہ ہے۔ چہرے کی شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی بھی اس کا حصہ ہے، جبکہ بیک پر 12 اور 5 میگا پکسل کے 2 کیمرے موجود ہیں اور سیلفی کے شوقین افراد کے لیے 20 میگا پکسل کیمرہ فرنٹ پر دیا گیا ہے۔

اسے فی الحال بھارت میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے مگر امید ہے کہ جلد پاکستان میں بھی دستیاب ہوگا۔ اس کا سکس جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا فون 21 ہزار بھارتی روپے (36 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا جبکہ سکس جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 24 ہزار بھارتی روپے (41 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 29 ہزار بھارتی روپے (50 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔