نیویارک: (دنیا نیوز) امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے آئی فون ایکس کے تین نئے جدید ماڈلز آئی فون ایکس ایس، آئی فون ایکس ایس میکس اور آئی فون ایکس آر متعارف کرادیئے، صارفین کیلئے اپ ڈیٹ ایپل واچ بھی آ گئی۔
ایپل ہیڈکوارٹر میں ہونے والی تقریب میں تینوں نئے آئی فون ماڈلز کے ساتھ ایپل واچ بھی متعارف کروائی گئی۔ آئی فون ایکس ایس میکس نامی ماڈل کی سکرین 6.5 انچ،، آئی فون ایکس ایس کی 5.8 جبکہ آئی فون ایکس آر کی سکرین 6.1 انچ ہے۔
نئے آئی فونز پہلے ماڈلز کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ تیز ہیں۔ جن میں پہلی بار کمپنی نے 512 جی بی سٹوریج والا ورژن متعارف کروایا ہے۔ آئی فون ایکس آر کی قیمت 749 ڈالرز، آئی فون ایکس ایس کی 999 ڈالر، آئی فون ایکس ایس میکس کی قیمت 1099 ڈالر ہے۔
ایپل کی جانب سے متعارف کرائی گئی نئی سمارٹ واچ آپ کی صحت کا بھی خیال رکھے گی۔ واچ سے ای سی جی اوراگر اس گھڑی کو پہننے والا شخص گر جائے تو یہ اس صورت حال کو سمجھنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔ اپ ڈیٹ ایپل واچ 21 ستمبر سے 399 ڈالرز میں دستیاب ہو گی۔