لزبن: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں کے مطابق کافی پر تحقیق کے بعد ثابت ہوا ہے کہ گردے کے مرض میں مبتلا افراد اس کا باقاعدہ استعمال یقینی بنائیں تو ان کی عمر بڑھ سکتی ہے۔
یورپی ملک پرتگال میں واقع سائنسی تحقیقاتی مرکز کے ماہرین نے گردے کے مرض میں برسوں سے مبتلا ہزاروں مریضوں پر ایک طویل سروے کیا ہے۔ مطالعے میں گردوں کے تقریبا 5 ہزار مریضوں کا احتیاط سے جائزہ لیا گیا۔
اس سروے میں معاشی صورتحال، رنگ، نسل، ماحول، جنس، طرزِ حیات اور غذا کو بھی شامل کیا گیا۔ معلوم ہوا کہ مناسب مقدار میں کافی پینے والوں کی بیماری کے باوجود عمر زیادہ رہی تھی جبکہ کم کافی پینے والے مریض جلد اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ واضح رہے کہ اس سروے میں گردے کے وہ مریض شامل تھے جو اس بیماری کی شدید کیفیت کے شکار تھے۔
ماہرین نے اندازہ لگایا کہ اگر گردے کے مریض روزانہ کافی استعمال کریں تو اس سے اگلے پانچ برس کے اندر انتقال ہونے کا خطرہ 25 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔
اپنی رپورٹ میں ماہرین نے لکھا ہے کہ گردے کے مریض یہ کم خرچ اور آسان طریقہ اختیار کرکے اپنی عمر طویل کرسکتے ہیں کیونکہ کافی کے بہت سے فوائد ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کافی میں موجود نائٹرک آکسائیڈ خون اور گردوں کی نالیوں کو صاف اور صحتمند رکھتا ہے۔