لندن: (ویب ڈیسک) فیس بک صارفین کو ماضی میں اٹھنے والی افواہوں کے بعد اب ایک اور پریشانی نے گھیر لیا ہے، لاکھوں صارفین کو 'اکاونٹ کلون' ہونے کا ایک پیغام موصول ہوا ہے جس کے مطابق بالکل آپ کے اکاونٹ جیسا ایک اور اکاونٹ کھولا جاچکا ہے جو آپ کی شناخت کا منفی استعمال کر کے دوستوں کو گمراہ کر سکتا ہے۔
ماہرین نے اسے ایک افواہ اور بے بنیاد وائرل خبر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کا بھی اکاؤنٹ کلون نہیں کیا گیا ہے۔ اس وقت فیس بک پر صارفین کو ایک پیغام موصول ہورہا ہے جس میں آپ کا فیس بک فرینڈ کہتا ہے کہ’ مجھے آج یا کل تمہاری جانب سے ایک اور فرینڈ ریکویسٹ موصول ہوئی ہے جسے میں نے نظرانداز کردیا ہے اور آپ چاہیں تو اپنا اکاؤنٹ بھی چیک کرسکتے ہیں۔‘
اس کے بعد یہ پیغام مزید شیئر ہوا اور دھیرے دھیرے ہزاروں لاکھوں افراد نے اسے شیئر کیا تاہم آپ کے اکاؤنٹ کی معلومات دیکھتے ہوئے اس کی نقل یا کلون بنانا ممکن ہے اور فراڈ کرنے والے ایسے اکاؤنٹ بناتے اور چلاتے رہتے ہیں تاہم اس نئی افواہ کی لہر کا مقصد فیس بک صارفین کو پریشان کرنا ہے۔
ایسا کبھی نہیں ہوسکتا کہ آپ کا فیس بک اکاؤنٹ ازخود فرینڈ ریکویسٹ کی بوچھاڑ شروع کردے اس لیے اس پیغام کو نظر انداز کرنا ہی سب سے بہتر عمل ہے۔ جب فیس بک سے ان کا مؤقف معلوم کرنے کی کوشش کی گئی تو وہاں سے کوئی واضح جواب موصول نہیں ہوا۔ چند روز قبل فیس بک کے 5 کروڑ صارفین کی معلومات چوری ہونے کی اطلاعات کے بعد سوشل میڈیا کمپنی پر سخت تنقید کی جارہی تھی۔ ہیکرز نے ’ویو ایز‘ آپشن کو استعمال کرکے صارفین کی معلومات چرالی تھیں۔