سام سنگ کا ایک ساتھ 4 بیک کیمروں والا پہلا سمارٹ فون

Last Updated On 12 October,2018 11:07 am

سیئول: (ویب ڈیسک) جنوبی کوریا کی موبائل ساز کمپنی سام سنگ کے درمیانی رینج کے نئے سمارٹ فون گلیکسی اے 9 میں چار بیک کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں جس سے فوٹو گرافی کے شوقین افراد کو ماضی کے مقابلے میں اچھے معیار کی تصویریں حاصل ہونے کی توقع ہے۔

اگرچہ ہواوے پی 20 پرو میں ایک ساتھ تین کیمرے پیش کیے گئے ہیں لیکن سام سنگ نے اس سے بڑی جست لگائی ہے اور ایک ساتھ چار کیمرے پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس اختراع سے حقیقت سے قریب، زندہ اور خوبصورت تصاویر لینا ممکن ہوگا جو اس سے قبل ممکن نہ تھا۔

سافٹ ویئر میں موجود مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا آپشن بتائے گا کہ بہترین تصویر کےلیے کونسی سیٹنگ اچھی رہے گی۔ ان چار کیمروں میں چار مختلف لینز لگے ہیں جن میں ایک الٹرا وائیڈ لینز بھی ہے، ایک ٹیلی فوٹو لینز ہے جو دگنا آپٹیکل زوم کرتا ہے۔ بقیہ دو کیمروں میں 24 میگا پکسل کیمرہ ہے جبکہ چوتھا لینز ان ڈیپتھ سینسنگ کیمرہ ہے۔ اسی طرح فرنٹ کیمرہ بھی 24 میگا پکسل کا ہے جس میں 1.7 ایف لینس ہے۔

تاہم سام سنگ نےاس کی بہت کم تفصیلات دی ہیں۔ اس میں ایکسائنوس 7885 سنیپ ڈریگن 660 چپ سیٹ ہے اور اندرونی سٹوریج 128 جی بی تک ہے جسے کارڈ کے ذریعے بڑھایا جا سکتا ہے۔ فون کا ڈسپلے 1080×2220 پکسل ہے اور سکرین کی چوڑائی 6.3 انچ ہے۔

اسے بطورِ خاص ایسے لوگوں کےلیے تیار کیا گیا ہے جو سوشل میڈیا کےلیے روزانہ بہت سی تصاویر لیتے ہیں جن میں سیلفی، سادہ تصاویر اور پینوراما، سبھی کچھ شامل ہے۔ ناقدین کے مطابق اگرچہ سام سنگ بہتر کیمروں میں سبقت کی جانب بڑھ رہا ہے لیکن اس بار اے آئی کے اضافے سے اس میں مزید بہتری کی توقع بھی ہے۔ اس کا آپریٹنگ سسٹم اوریو ایٹ ہے۔ اس بار لیمونیڈ بلیو اور چیونگم گلابی رنگ میں بھی یہ فون دستیاب ہوگا۔ اس کی ابتدائی قیمت کا اندازہ 690 ڈالر لگایا گیا ہے۔