سام سنگ کے پہلے فولڈ ایبل اسمارٹ فون کی قیمت کیا ہو گی؟

Last Updated On 13 November,2018 06:57 pm

سیئول: (ویب ڈیسک) جنوبی کورین نیوز ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق سام سنگ نے گزشتہ ہفتے ایک ایونٹ میں جس فولڈ ایبل فون کو متعارف کرایا تھا، وہ صارفین کو 1770 ڈالرز (2 لاکھ 37 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہو گا۔

یہ قیمت کافی زیادہ ہے، یہاں تک کہ آئی فون ایکس ایس میکس کا 512 جی بی ورژن بھی اس کے مقابلے میں سستا لگتا ہے، جس کی قیمت 1449 ڈالرز ہے۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سام سنگ کے اس فون کو گلیکسی ایف کا نام دیا جائے گا جبکہ یہ مارچ 2019 میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

سام سنگ کے موبائل ڈویژن کے سربراہ ڈی جے کو کچھ عرصے پہلے یہ کہہ چکے ہیں کہ یہ فولڈ ایبل فون 2019 کی پہلی ششماہی میں صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔گلیکسی ایف سام سنگ کا 7.4 انچ کا فون ہوگا جو فولڈ ہوکر 4.6 انچ کا ہوجائے گا، تاہم اس فون میں فائیو جی سپورٹ نہیں ہوگی۔

یہ ڈیوائس سام سنگ نے اپنی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے دوران متعارف کرائی گئی تھی تاہم اس کے فیچرز کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔مگر یہ ضرور بتایا گیا کہ گوگل کی جانب سے فولڈایبل فونز مین اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے لیے کافی کام کیا جارہا ہے جو کہ اگلے سال سامنے آئے گا۔

خیال رہے کہ ایک کمپنی رائل نے دنیا کا پہلا کمرشل فولڈ ایبل فون رواں ماہ متعارف کرایا تھا جو کہ صارفین کو دسمبر میں دستیاب ہوگا۔اسی طرح ہیواوے کی جانب سے بھی اسی طرح کی ڈیوائس بھی اگلے سال متعارف کرائی جائے گی۔