سان فرانسسكو: (ویب ڈیسک) کورین کمپنی سام سنگ نے اپنے پہلے فولڈنگ سمارٹ فون کا بہت پہلے اعلان کر دیا تھا تاہم باقاعدہ طور پر لانچ کرنے کی تاریخ نہیں دی تھی جس پر چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں۔ چین کی ایک غیر معروف کمپنی کی جانب سے دنیا کا پہلا فولڈنگ سمارٹ فون مارکیٹ میں لانے کے اعلان پر بالآخر سام سنگ کو بھی اپنے فولڈنگ سمارٹ فون کی تفصیلات جاری کرنا پڑیں۔
اگرچہ ایک عرصے سے سام سنگ کے بارے میں قیاس کیا جارہا تھا کہ وہ بہت جلد فولڈ ایبل سمارٹ فون پیش کرے گا تاہم اس کا باقاعدہ اعلان سام سنگ ڈویلپرکانفرنس (ایس ڈی سی ) میں اس سال کیا گیا ہے۔ اب سے کچھ روز قبل ایک غیرمعروف چینی کمپنی رویول نے نہ صرف دنیا کے پہلے فولڈنگ سمارٹ فون کی مکمل تفصیل جاری کی بلکہ دسمبر میں باقاعدہ فروخت کا اعلان بھی کردیا تھا۔
شاید اسی وجہ سے سام سنگ نےاپنے پہلے فولڈنگ پروٹو ٹائپ کا اعلان کردیا اور اس کی تفصیل جاری کردی ہے۔ سمارٹ فون کو کتاب کی طرح کھولا جائے تو سکرین پھیل کر 7.3 انچ تک وسیع ہوجاتی ہے۔ اسے بنانے کے لیے کمپنی نے ایک نیا انٹرفیس بنایا ہے جسے ون یو آئی کا نام دیا گیا ہے۔ اس طرح کوئی بھی چلنے والی ایپ فون کھلتے ہی اندرونی سکرین تک منتقل ہوجاتی ہے۔ انفنیٹی فلیکس ڈسپلے فون میں ایک وقت میں تین ایپس چلائی جاسکتی ہیں۔ آپ ویڈیو دیکھتے ہوئے فیس بک پر بات کرسکتے ہیں یا گوگل میپس پر اپنی منزل تلاش کرسکتے ہیں۔
سام سنگ نے اس فون کی تصاویر کم روشنی میں جاری کی ہیں اور بعض تجزیہ نگاروں کے مطابق شاید سام سنگ اس کی ساری تفصیلات ظاہر نہیں کرنا چاہتا کیونکہ تصاویر میں صرف سکرین ہی دکھائی دے رہی ہے۔ سام سنگ نے کہا ہے کہ شیشے کی سکرین اس قسم کے فون کے لیے ہرگز کارآمد نہیں اور اس کے لیے کمپنی نے ایک نیا مٹیریل بنایا ہے جو کمپوزٹ پالیمر سے بنا ہے جو ایک وقت میں لچک دار ہے اور مضبوط بھی ہے۔ اس میں ہرطرح کے جھٹکے اور شاک برداشت کرنے کی صلاحیت موجود ہے جبکہ پولرائزڈ عمل سے ڈسپلے ظاہر ہوتا ہے اور ہزاروں لاکھوں مرتبہ فولڈ ہونے کے باوجود سکرین خراب نہیں ہوتی۔
اس موبائل پر اینڈروئڈ 9 پائی کا آپریٹنگ سسٹم چلتا ہے تاہم یہ فون اس سال دستیاب نہیں ہوسکے گا کیونکہ سام سنگ نے اب تک بڑے پیمانے پر اس کی تیاری شروع نہیں کی۔