پاکستانی گوگل پر سب سے زیادہ کونسی گاڑی سرچ کرتے ہیں؟

Last Updated On 07 November,2018 11:31 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) معروف انشورنس کمپنی ویگو (Veygo)نے مختلف ممالک میں گوگل پر سرچ کی جانے والی کاروں کے بارے میں ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں کافی دلچسپ اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔

انشورنس کمپنی ویگو نے ایک نقشہ جاری کیا ہے جس سے یہ معلومات سامنے آتی ہیں کہ پاکستانیوں نے گوگل پر کون سی کار سب سے زیادہ تلاش کی؟

کار سکوپس ڈاٹ کام کے مطابق ویگو کے جاری کردہ نقشے میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال پاکستانیوں نے گوگل پر سب سے زیادہ لیمرگنی کو سرچ کیا جو دنیا کی مہنگے ترین اور لگژری کار برانڈز میں سے ایک ہے۔ اس کے برعکس بھارتیوں نے سب سے زیادہ ماروتی سوزوکی کو سرچ کیا جو بہت سستی گاڑی ہے۔

رپورٹ کے مطابق لیمبرگنی جیسے مہنگے برانڈ کو 177ممالک میں سے 12ملکوں کے لوگوں نے سب سے زیادہ سرچ کیا جن میں پاکستان اور وینزویلا بھی شامل ہیں۔ گزشتہ سال جو کاربرانڈ سب سے زیادہ سرچ کیا گیا وہ ٹویوٹا تھا۔ اسے 75ملکوں میں سب سے زیادہ سرچ کیا گیا، دنیا بھر میں اسے 78لاکھ لوگوں نے سرچ کیا۔

دوسرے نمبر پر ہنڈاکو 70لاکھ اور تیسرے نمبر پر فورڈ کو 64لاکھ لوگوں نے سرچ کیا۔ بی ایم ڈبلیو بھی سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی کاروں میں سے ایک تھی جسے 25ملکوں میں سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔اس کے بعد مرسیڈیز اور ٹیسلا کاریں سب سے زیادہ سرچ کی گئیں۔