وارسا: (دنیا نیوز) پولینڈ میں منعقدہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے بارے میں کانفرنس میں ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ دنیا نازک موڑ پر پہنچ گئی ہے، اسے بچانے کے لیے خطرناک گیسوں کے اخراج میں فوری کمی لانا ہو گی۔
ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دنیا نازک موڑ پر، پولینڈ میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی ہونے والی ماحولیات کے بارے کانفرنس میں ماہرین نے خبردار کیا ہےکہ اگر دنیا پیرس معاہدے میں طے پانے والے اہداف حاصل کرنا چاہتی ہے تو اسے خطرناک گیسوں کے اخراج میں فوری کمی لانا ہو گی۔
دو ہفتے تک جاری رہنے والی اس کانفرنس میں دنیا بھر سے وفود شریک ہیں۔ 2015ء میں ہونے والے پیرس معاہدے کے بعد سے پولینڈ میں ہونے والا یہ اجلاس سب سے اہم ہے۔
ادھر کانفرس کے دوران احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ مقامی این جی اوز کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے عالمی رہنماؤں سے ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچنےکےلیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
بیس افراد نے الیکٹرک سائیکل پر سوار ہو کر ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ برسلز میں بھی شہریوں نے ماحولیات کے بارے میں جلد اقدام کے حق میں مظاہرہ کیا۔