نیویارک: (ویب ڈیسک) کمپنی پلانیٹ کمپیوٹر نے 90 کی دہائی کی دلچسپ ایجاد کو جدید رخ دیا ہے اور انہوں نے کوسمو کمیونکیٹر بنایا ہے جس میں ایک ساتھ موبائل فون، کیمرے اور چھوٹا لیپ ٹاپ سمویا گیا ہے۔
یہ ایک اسٹارٹ اپ کمپنی ہے جس نے اپنے منصوبے کے لیے فنڈنگ شروع کردی ہے۔ کوسمو کمیونکیٹر بند ہوکر سمٹ جاتا ہے اور کھولنے پر یہ پھیلتا ہے جس میں 6 انچ ٹچ اسکرین ہے اور معیاری کی بورڈ ہے جو عموماً لیپ ٹاپ میں موجود ہوتا ہے۔ اسمارٹ فون میں فنگر پرنٹ سینسر، کال بٹن، ایئرپیس، مائیک اور سب سے پڑھ کر 24 میگا پکسل کیمرہ بھی ہے۔
اس کا آپریٹنگ سسٹم اوپن سورس ہے جبکہ دیگر فیچرز میں میڈیا ٹیک ہیلیو پی 70 پروسیسر، بیک لائٹ کی بورڈ، چھ جی بی ریم اور دیگر سہولیات موجود ہیں جبکہ اینڈروئڈ پائی9.0 اس کا سسٹم ہے۔ اس کی ابتدائی قیمت 800 ڈالر رکھی گئی ہے جبکہ 549 ڈالر ان لوگوں کے لیے ہے جو اسے پہلے بک کراتے ہیں ۔
اس کی ڈیزائننگ مارٹن رڈیفورڈ نے کی ہے ۔ قارئین کو یاد ہوگا کہ 90 کی دہائی میں نوکیا نے کی بورڈ والے کمیونکیٹر فون متعارف کرائے تھے اور یہ اسی کا جدید ورژن ہے لیکن اس کا ڈیزائن بہت دیدہ زیب بھی ہے۔