ڈپریشن کا مرض دماغ کی عمر میں 10سال اضافے کا سبب

Last Updated On 19 February,2019 12:41 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) ڈپریشن یا زندگی سے مایوسی وہ عارضہ ہے جو کسی بھی فرد کیلئے جینا مشکل بنا دیتا ہے اور مختلف جسمانی عارضے بھی لاحق ہو سکتے ہیں مگر ڈپریشن دماغی عمر کی رفتار کو بھی پر لگا دیتا ہے۔

یہ انکشاف اس خیال پر پہلی بار انسانوں پر کی جانے والی تحقیق میں سامنے آیا۔ امریکہ کی یالے یونیورسٹی کی تحقیق میں دماغ سکین کرنے والی نئی تکنیک کو استعمال کرتے ہوئے دریافت کیا گیا کہ ڈپریشن کے شکار افراد میں دماغی کنکشن کی تعداد 10 سال پہلے ہی کمزور ہو جاتی ہے اور 40 سال کی عمر میں ان کی دماغی عمر 50 سے تجاوز کر سکتی ہے۔

دوسرے الفاظ میں ڈپریشن کے نتیجے میں درمیانی عمر میں یاداشت سے محرومی، دماغی دھند، بولنے میں مشکلات اور الزائمر کی ابتدائی علامات جیسے خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ اس سے عندیہ ملتا ہے کہ خواتین جو مردوں کے مقابلے میں ڈپریشن کا زیادہ شکار ہوتی ہیں، ان میں الزائمر کا خطرہ بھی مردوں کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہوتا ہے۔