سان فرانسسكو: (ویب ڈیسک) طبی ماہرین نے دمے کے مریضوں کو قبل از وقت دورے سے آگاہ کرنے کیلئے سمارٹ سٹیکر تیار کیا ہے جو کم خرچ ہونے کے سبب عام لوگوں کو بھی آسانی سے دستیاب ہو سکے گا۔
بچوں میں پلاسٹک کا ایک کھلونا عرصے سےمشہور ہے جو ایسے سٹیکر پر مشتمل ہوتا ہے جسے گرم کیا جائے تو وہ سکڑتا چلا جاتا ہے۔ ایک سینسر کو اس سٹیکر کے ساتھ چپکایا گیا ہے جو سکڑنے کی فوری خبر دیتا ہے اور سانس لینے کے دوران جسم کے سکڑنے اور پھیلنے کا ڈیٹا سمارٹ فون تک بھیجتا رہتا ہے۔ جوں ہی سانس لینے میں معمولی تبدیلی ہوتی ہے یہ آلہ فوری طور پر وارننگ بھجواتا ہے۔ عام طور پر دمے کے دائمی مریضوں میں پہلے سانس بے ترتیب ہوتا ہے اور اس کے بعد انہیں دورہ پڑتا ہے۔
مزید برآں سینسر پھیپھڑوں کی کیفیت یا دمے کی دوا کے بہتر یا بدتر اثرات کو بھی نوٹ کرسکتا ہے۔ طبی ماہر مشیل کائن نے یہ آلہ بنایا ہے جو سسٹک فائبروسس اور دیگر سانس کے امراض پر بھی نظر رکھ سکتا ہے۔ یہ اتنا حساس ہے کہ سانس لینے میں معمولی تبدیلی کو بھی نوٹ کر سکتا ہے۔