انسٹاگرام گھنٹوں معطل رہنے کے بعد بحال، فیس بک تاحال متاثر

Last Updated On 15 March,2019 12:56 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک کی سروس 14 گھنٹے معطل رہنے کے بعد مکمل طور پر تاحال بحال نہ ہو سکی تاہم انسٹا گرام کی انتظامیہ نے چند گھنٹوں‌ بعد ہی صورتحال پر قابو پا لیا اور اپنے صارفین کو سروس تک رسائی نہ ملنے کی کوفت سے نجات دلا دی.‌

فیس بک متعدد جگہوں پر یہ اوپن تو ہو رہی ہے تاہم ان پر پوسٹنگ کرنا ممکن نہیں رہا۔ پاکستان میں بھی یہ مسئلہ متعدد صارفین کو پیش آیا، فیس بک، میسنجر اور انسٹاگرام میں یہ مسئلہ گزشتہ شام 5 بجے شروع ہوا اور بتدریج دنیا بھر میں پھیل گیا بلکہ کچھ مقامات پر تو  ٹوٹل بلیک آﺅٹ جیسی صورتحال سامنے آئی۔

اس حوالے سے فیس بک انتظامیہ نے پہلے تو کوئی بیان یا وضاحت جاری نہیں کی، بعد ازاں کمپنی ترجمان نے یوزرز کو پیش آنے والی 12 گھنٹے طویل مشکلات کا اعتراف کر لیا اور کہا کہ مسئلے کے حل کیلئے کوششیں جاری ہیں۔


ایک اندازے کے مطابق فیس بک کے ایک تہائی افراد کو ٹوٹل بلیک آﺅٹ کا تجربہ ہوا جبکہ دیگر اپنے نیوز فیڈ کو ریفریش کرنے یا اکاﺅنٹس میں لاگ ہونے میں ناکام رہے۔اسی طرح لاگ ان صارفین کو تصاویر اپ لوڈ کرنے، اسٹیٹس پوسٹ کرنے یا کسی پیج کو اپ ڈیٹ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوا۔


میسنجر میں بیشتر صارفین سرور سے کنکٹ ہونے کی ناکام کوشش کرتے رہے جبکہ جو لاگ ان تھے ان کے چیٹ میسجز آگے جا نہیں سکے۔ تاہم کچھ صارفین کو یہ پیغام ملا کہ فیس بک مرمت کے لیے ڈاﺅن ہے اور آپ چند منٹ بعد واپس آئیں، آپ کے تحمل کا شکریہ۔

صارفین کیلئے بدترین صورتحال اس وقت بدلی جب آج صبح انسٹا گرام نے اپنی سروسز کی بحالی کا اعلان کر دیا تاہم فیس بک انتظامیہ اپنے صارفین کو مکمل بحالی کی کوئی خوشخبری نہیں سنا سکی۔