گاڑی کو 1200 کلومیٹر دور تک کھینچنے والا ننھا انجن تیار

Last Updated On 19 March,2019 12:48 pm

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) آٹو انجینیئرز نے دنیا کا سب سے چھوٹا ایسا انجن تیار کرنے کا دعوی کیا ہے جو محض 10 کلو گرام وزن کا حامل مگر طاقت میں اتنا کہ اچھا خاصا ایندھن کھانے والی لگژری گاڑیوں کو 1200 کلومیٹر دور تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ماہرین کے مطابق دیگر انجنوں کے مقابلے یہ اتنا ہلکا ہے کہ اسے ایک بیگ میں رکھ کر کمر کے پیچھے باندھا جا سکتا ہے جس کی وجہ اس کے صرف ایک درجن کے لگ بھگ حرکتی پرزے ہونا ہے۔ کمپنی نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ان کا تیار کر دہ انجن، دنیا کے تمام جدید ترین انجنوں سے بھی 10 فیصد زیادہ مؤثر ہے۔

کمپنی نے اس کی افادیت کی وجہ یہ بتائی ہے کہ سادہ احتراقی انجن 150 سال سے نہیں بدلا گیا اور ہم نے اسے اہم امور تک محدود کرکے صرف 10 کلووزن تک کم کردیا ہے، اس کے 20 پرزے ملکر اسے 200 کلوگرام والے انجن کی طاقت دیتے ہیں۔ لوگ گاڑیوں میں سینکڑوں کلوگرام فالتو وزن لے کر گھوم رہے ہیں جو ایندھن اور رفتار دونوں کی راہ میں رکاوٹ ہے ۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس انجن کو جنریٹر میں بھی بدلا جا سکتا ہے اور ایک مرتبہ ایندھن بھرنے کے بعد 15 دن تک ایک اوسط فلیٹ کو روشن رکھنے کے کام آ سکتا ہے۔