عقل داڑھیں نہ ہوں تو بھی انسان کا گزارا ہو جاتا ہے، تحقیق

Last Updated On 19 March,2019 03:36 pm

نیویارک: (روزنامہ دنیا) ایک انسان کے کتنے دانت ہوتے ہیں، اس سوال کا جواب اکثر افراد 32 دیں گے مگر یہ تعداد اسی وقت ہوتی ہے جب تمام عقل داڑھیں نکل آئیں۔

انسان میں 17 سے 25 سال کی عمر کے دوران منہ میں یہ آخری 4 دانت نمودار ہوتے ہیں تو اس کے بعد ہی دانتوں کی تعداد 32 ہوتی ہے۔ درحقیقت اگر عقل داڑھیں نہ بھی ہوں تو بھی انسان کا گزارا ہوجاتا ہے بلکہ عام طور پر ان داڑھوں کا نکلنا انتہائی تکلیف دہ ہوتا ہے اور ان کے اگنے کے بعد بھی مسائل سامنے آ سکتے ہیں۔

اگر منہ میں اتنی جگہ نہ ہو جو عقل داڑھ اگنے کیلئے درکار ہوتی ہے تو اس کے نکلنے کی کوشش دانتوں کو ٹیڑھا کرنے کے ساتھ مسوڑوں کے لیے بھی تکلیف دہ ثابت ہوتی ہے جس سے انفیکشن، دانتوں کے گرنے اور مسلسل تکلیف کی شکایات ہوسکتی ہیں۔ تاہم اگر اگر منہ میں جگہ ہو تو ان داڑھوں کا نکلنا کسی قسم کے مسائل کا باعث نہیں بنتا اور بعد میں کبھی ان کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہو تو انہیں نکالنے کا آپشن موجود ہے مگر وہ بھی کافی تکلیف دہ طریقہ کار ثابت ہوتا ہے۔

ایک خیال یہ بھی ظاہر کیا جاتا ہے کہ یہ داڑھیں اس وقت انتہائی موثر ثابت ہوتی تھیں جب انسانوں نے آگ کو دریافت نہیں کیا تھا اور کھانا پکانا شروع نہیں کیا تھا تو ان کی بدولت کچے گوشت، گریوں اور سخت سبزیوں کو کھانا آسان ہو جاتا تھا اور یہی وجہ ہے کہ یہ بلوغت کے بعد ہی اگتی ہیں۔ تاہم حقیقت کیا ہے اس پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔