واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ نے چینی کمپنی ہواوے پر عائد پابندیوں میں 3 ماہ کی نرمی کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ تجارت نے ہواوے کو اجازت دے دی ہے کہ وہ امریکی ساختہ مال خرید سکتی ہے۔ ولبر راس نے پابندیوں میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اجازت سے چینی کمپنی امریکی فرموں کے ساتھ کاروباری سودوں کو اگلے 90 دنوں تک جاری رکھ سکے گی۔
ولبر راس کا کہنا تھا کہ وہ امریکی کمپنیاں بھی ہواوے سے ایسے آلات خریدنے کی مجاز ہوں گی جو وہ اپنے استعمال میں لائے ہوئے ہیں۔ عبوری اجازت کے بعد چین کی مشہور موبائل کمپنی ہواوے کے موبائل فونز استعمال کرنیوالوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہیں ہو گا اور رورل براڈبینڈ نیٹ ورک میں بھی تسلسل رہے گا۔
دوسری پیشرفت دیکھنے میں آئی ہے کہ ہواوے اور گوگل نے اپنے باہمی معاملات حل کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ انیس مئی کو گوگل اور اینڈرائڈ نے چینی ٹیلی کوم کمپنی ہواوے کے ساتھ اپنے رابطے ختم کرنے کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ موبائل ٹیلی فونز میں استعمال ہونے والا ایک آپریٹنگ سسٹم اینڈرائڈ گوگل ہی کی ملکیت ہے۔