رمضان المبارک میں بسیار خوری کے باعث معدے کے مسائل میں اضافہ

Last Updated On 28 May,2019 03:07 pm

پشاور: (دنیا نیوز) رمضان المبارک کے دوران بسیار خوری کے باعث معدہ اور پیٹ کے مسائل بڑھ گئے۔ زیادہ کھانے کی وجہ سے روزانہ تین سو سے زائد افراد پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا رخ کرنے لگے جبکہ دیگر ہسپتالوں کی صورت حال بھی کچھ اسی طرح ہے۔

روزہ نام ہے صبر کا تاہم سولہ گھنٹے کا صبر افطاری پر ایسا ختم ہوتا ہے کہ دسترخوان پر پڑی ہر نعمت کو اپنے معدے میں اتار کر کئی روزہ دار ہسپتال پہنچ جاتے ہیں

شدید گرمی اورپھر اوپر سے سولہ گھنٹے کا روزہ، ٹھنڈا شربت، پکوڑے ، دہی بھلے اور دیگر چٹ پٹی چیزیں افطاری کے موقع پر ہر دسترخوان کی زینت ہوتی ہیں، شدید بھوک میں ایسی لذیز چیزوں سے انکار بہت ہی مشکل ہے تاہم کنٹرول انسان ہی کے ہاتھ میں ہے۔

زیادہ کھانا کھانے سے بدہضمی کے باعث ہسپتالوں کی ایمرجنسی کوریج بھی رمضان المبارک میں دگنی ہو جاتی ہے۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق روزانہ تین سو کے قریب مریض بدہضمی کا شکا ر ہوتے ہیں۔

پشاور میں دیگر ہسپتالوں کی صورت حال بھی اس سے مختلف نہیں۔ خیبر ٹیچنگ اسپتال ریکارڈ کے مطابق روزانہ ایک سو پچاس جبکہ ایچ ایم سی میں ستر سے زائد افرادد روزانہ بسیار خوری کے باعث ایمرجنسی کا رخ کرتے ہیں۔